ایران سے 10 لاکھ غیرقانونی تارکین وطن کی ملک بدری کادعوی

مانیٹرنگ ڈیسک

ایران کے ایک عہدیدار نے ایک سال میں 10 لاکھ سے زائد غیر قانونی تارکین وطن کو ملک بدر کر دینے کا دعوی کیا ہے

ایران کی قانون نافذ کرنے والے ادارے فراجا (Faraja) کے ترجمان نے گزشتہ سال کے دوران 10 لاکھ سے زائد غیر قانونی تارکین وطن کو ملک بدر کرنے کا اعلان کیا ہے، تاہم ان کی شہریت کی تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔

اتوار کے روز مہر نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے فراجا کے ترجمان سعید منتظرالمہدی نے بتایا کہ سال 2024 کے دوران 11 لاکھ 20 ہزار سے زائد “غیر قانونی غیر ملکی افراد” کی شناخت کی گئی اور انہیں ملک بدر کیا گیا۔

یہ وسیع پیمانے پر کارروائیاں ملک بھر میں 1,090 سے زائد مربوط منصوبوں کے تحت کی گئیں، جن کا مقصد ان افراد کو نکالنا تھا جو بغیر قانونی رہائشی دستاویزات کے ایران میں مقیم تھے۔

اگرچہ ملک بدر کیے گئے افراد کی قومیت کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی گئی، لیکن ایرانی وزارت خارجہ پہلے یہ اندازہ لگا چکی ہے کہ ایران میں اس وقت 20 سے 25 لاکھ کے درمیان غیر قانونی افغان شہری مقیم ہیں۔ وزارت داخلہ کے مطابق ان افراد کو افغانستان واپس بھیجا جانا ہے۔

وزارت خارجہ کے شمال مشرقی علاقائی دفتر کے سربراہ احمد معصومی فر نے اس سے قبل کہا تھا کہ ان تارکین وطن کی ملک بدری کے لیے کسی دوسرے ملک سے رابطے یا ہم آہنگی کی ضرورت نہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں